اسلام آباد، 7 0اکتوبر (اے پی پی):انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد کے چائنا پاکستان اسٹڈی سینٹر نے فودان یونیورسٹی کے پاکستان اسٹڈی سینٹر کے تعاون سے “پاکستان–چین تعلقات: علاقائی استحکام اور اقتصادی خوشحالی” کے عنوان سے بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا۔
افتتاحی خطاب میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی سفیر سہیل محمود نے کہا کہ پاکستان–چین تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کی ترقیاتی سمت کو بدل دیا ہے اور چین–پاکستان ایکشن پلان (2025–2029) تعاون کے نئے شعبوں کی راہ ہموار کرے گا۔
مہمانِ خصوصی سفیر عمران احمد صدیقی، ایڈیشنل سیکریٹری (ایشیاء پیسیفک)، وزارتِ خارجہ نے پاک چین شراکت کو اعتماد، تعاون اور مشترکہ وژن پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ جدید شعبوں جیسے مصنوعی ذہانت، بایوٹیکنالوجی، اور ڈیجیٹل انوویشن میں نئی راہیں کھولے گا۔
سیمینار کے دو سیشنز میں ماہرینِ تعلیم اور سفارتکاروں نے سیکیورٹی اور اقتصادی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی۔ مقررین نے زور دیا کہ علاقائی استحکام اور خوشحالی کے لیے پاک چین شراکت کو مزید وسعت دینا وقت کی ضرورت ہے۔
اختتامی کلمات میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز آئی ایس ایس آئی، سفیر خالد محمود نے چین کے ساتھ دیرپا شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔ سیمینار میں پاکستان اور چین کے ممتاز سفارتکاروں، محققین اور پالیسی ماہرین نے شرکت کی۔











