اسلام آباد,10اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کا ایک تاریخی موقع ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم بات چیت اور مذاکرات کے پورے عمل میں صدر ٹرمپ کی قیادت کو سراہتے ہیں جو عالمی امن کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے قطر، مصر اور ترکیہ کے رہنمائوں کے اس معاہدے پر بات چیت کے لیے ان کی انتھک کوششوں کے کردار کو بھی سراہا۔
ترجمان نے فلسطینی عوام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سخت نقصان اٹھایا ہے جسے کبھی نہیں دہرایا جانا چاہیے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مسجد الاقصیٰ میں اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو قابضین اور غیر قانونی آباد کاروں کا محاسبہ کرنا چاہیے اور ایسے مزید اقدامات کو روکنا چاہیے جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کشیدگی کو کم کرنے اور دیرپا امن کی راہ ہموار کرنے کے لیے کی گئی زبردست کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔











