اسلام آباد، 14 اکتوبر (اے پی پی):جاپان کے شہر اوساکا میں منعقدہ “ایکسپو 2025 اوساکا، کانسائی” کا اختتام منگل کو شاندار اختتامی تقریب کے ساتھ ہوا جس میں پاکستان کی نمایاں کارکردگی کا اعتراف کیا گیا۔
اختتامی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی سیکشن کمشنر جنرل برائے ایکسپو 2025 اور جاپان میں پاکستان کے نامزد سفیر عبدالحمید، پروجیکٹ ڈائریکٹر ایکسپو 2025 و سینئر ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان محمد نصیر، اور ٹریڈ و انویسٹمنٹ کونسلر مدیحہ علی نے کی۔
ایکسپو 2025 اوساکا کا موضوع “ہماری زندگیوں کے لیے مستقبل کے معاشرے کا ڈیزائن” تھا، جس میں 158 ممالک نے اپنی جدت، ثقافتی ورثہ، اور مستقبل کے وژن پیش کیے۔ پاکستان پویلین، جو نورجہان بلگرامی کی نگرانی میں تیار کیا گیا، نے 18 لاکھ سے زائد زائرین کا خیرمقدم کیاجو کہ وزٹ ریکارڈ ہے۔
اختتامی تقریب “شائننگ ہیٹ” ایکسپو ہال میں منعقد ہوئی، جس سے جاپان کے ولی عہد شہزادہ اکیشینو، وزیراعظم شیگیرو ایشیبا، گورنر اوساکا ہیروفومی یوشیمورا اور سیکرٹری جنرل جاپان ایسوسی ایشن برائے ورلڈ ایکسپوزیشن 2025 مسٹر ہیر ویوکی اشیگے نے خطاب کیا۔
وزیراعظم ایشیبا نے اعلان کیا کہ ایکسپو 2025 کو 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد نے وزٹ کیا۔ تقریب کا اختتام علامتی طور پر BIE پرچم کی آئندہ میزبان شہر ریاض (ورلڈ ایکسپو 2030) کو حوالگی سے ہوا۔
پاکستان پویلین میں خصوصی تقریب کے دوران پاکستان کو ملنے والے دو بین الاقوامی ایوارڈز کا جشن بھی منایا گیا۔ سیکشن کمشنر جنرل نے پاکستان پویلین کے یشرز، رضاکاروں اور عملے کو تعریفی اسناد پیش کیں۔











