رانا احسان افضل خان کی متحدہ عرب امارات کے وزیرِ مملکت برائے غیرملکی تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی سے ملاقات

10

ابوظہبی، 15 اکتوبر (اے پی پی ): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیرِ مملکت برائے غیرملکی تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی اقتصادی و تجارتی تعلقات کو وسعت دینے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

رانا احسان افضل خان نے متحدہ عرب امارات کی کاروباری برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی، بالخصوص زراعت، فوڈ پراسیسنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں۔

انہوں نے یو اے ای کی کمپنیوں کو پاکستان کی وزارتِ تجارت کے زیراہتمام منعقد ہونے والی فوڈ ایگ 2025 نمائش میں شرکت کی خصوصی دعوت بھی دی، جو 25 تا 27 نومبر 2025 کو منعقد ہوگی۔

رانا احسان افضل خان نے ملاقات کے دوران یو اے ای کی قیادت اور عوام کی جانب سے گرمجوشی سے استقبال پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔