واشنگٹن ڈی سی ،15(اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر نگل کلارک سے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان کے جاری آئی ایم ایف پروگرام، اقتصادی استحکام، اور اصلاحاتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر نگل کلارک نے پاکستان کی معاشی کارکردگی کو سراہا اور پروگرام کے اہداف کے حصول میں پیش رفت کو مثبت قرار دیا۔
وزیرِ خزانہ نے ملکی معیشت میں بہتری اور استحکام کے سفر کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلیٹی (EFF) کے دوسرے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ (RST) کے پہلے جائزے پر آئی ایم ایف کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے اسٹاف لیول ایگریمنٹ (SLA) کے جلد طے پانے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اصلاحات کے تسلسل اور مالیاتی نظم و ضبط کے ذریعے پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے پاکستان میں حالیہ سیلابوں کے دوران جانی و مالی نقصان پر آئی ایم ایف کی جانب سے اظہارِ ہمدردی پر بھی شکریہ ادا کیا۔











