اسلام آباد،15 اکتوبر(اے پی پی ): وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے جیفریز انٹرنیشنل کی میزبانی میں سرکردہ ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے ساتھ گول میز اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں وزیرِ خزانہ نے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معاشی صورتحال، مالیاتی پالیسیوں اور اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ٹیکس کے نظام میں بہتری، توانائی کے شعبے، سرکاری اداروں میں اصلاحات اور نجکاری کے جاری عمل پر بھی روشنی ڈالی۔
وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ حکومت کی ٹیرف اصلاحات کا مقصد مسابقت میں اضافہ اور برآمدات کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔ اجلاس کے دوران شرکاء کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا، جس میں مختلف معاشی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔











