واشنگٹن ، 15اکتوبر(اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں سعودی ترقیاتی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان عبدالرحمٰن المرشد سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہری تذویراتی شراکت داری اور ترقیاتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِ خزانہ نے پاکستان کے لیے سعودی تیل کی سہولت فراہم کرنے پر سعودی ترقیاتی فنڈ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے حیدرآباد-سکھر موٹروے (ایم-6)، مین لائن-ون ریلوے منصوبے، ہنرمندی کے فروغ، استعداد کار میں اضافے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں کے لیے سعودی تعاون کی درخواست کی۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں تعاون اور حمایت کی یقین دہانی پر سعودی ترقیاتی فنڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دیرپا ترقیاتی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔











