قصور۔15اکتوبر(اے پی پی) پاکستان بھر کی طرح ضلع قصور میں بھی پولیو قومی انسداد مہم زور وشور سے جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر قصور ڈاکٹر فیصل اقبال نے اے پی پی ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں قومی انسداد پولیو مہم 13تا16اکتوبر تک جاری رہے گی۔مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 7لاکھ 51ہزار828بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے۔مہم کے دوران 6ماہ سے لیکر 5سال تک کے بچوں کو وٹامن اے کے کیپسول بھی دیئے جا رہے ہیں۔ ضلع میں مجموعی طور پر 2990ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 2785موبائل ٹیمیں،131فیکسڈ ٹیمیں اور 74ٹرانزٹ ٹیمیں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہی ہیں۔مہم کی کامیابی کیلئے126یو سی ایم اوز‘578ایریا انچارجز تعینات کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر فیصل اقبال نے مزید کہا کہ والدین اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو کے دو قطرے لازمی پلوائیں اور ٹیموں کیساتھ تعاون کریں۔ پولیو کے خاتمے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مہم کے 100 فیصد نتائج حاصل کرنے کیلئے تمام موجودہ وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا۔انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال کی عمر کے بچوں کو پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر قطرے پلائیں گی ۔والدین سے اپیل ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔











