واشنگٹن ڈی سی، 15 اکتوبر(اے پی پی): وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں جاری ڈھانچہ جاتی اصلاحات مستقبل میں پائیدار اقتصادی ترقی کی بنیاد فراہم کریں گی۔ وہ واشنگٹن ڈی سی میں عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس 2025 کے موقع پر سی این بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں گفتگو کر رہے تھے۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ ایک سال میں معاشی استحکام کے لیے نمایاں پیش رفت کی ہے، اور زرِمبادلہ کے ذخائر، مہنگائی، کرنسی اور شرحِ سود جیسے اہم معاشی اشاریے بتدریج بہتر سمت میں جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کا مقصد صرف استحکام نہیں بلکہ ساختی اصلاحات کے ذریعے پائیدار اور برآمدات پر مبنی ترقی حاصل کرنا ہے۔ اس سلسلے میں ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے میں بہتری، سرکاری اداروں کی تنظیمِ نو اور مالی نظم و ضبط میں شفافیت پر کام جاری ہے۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ معیشت کو درآمدات پر انحصار کے بجائے برآمدات پر مبنی ترقی کی طرف موڑنا وقت کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی پالیسی کا محور تحفظ پسندی کے بجائے مسابقت میں اضافہ ہے تاکہ مقامی صنعتیں عالمی معیار کے مطابق ترقی کر سکیں۔
انہوں نے امریکہ کو ایک اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے عالمی بینک گروپ کی معاونت پر اظہارِ تشکر کیا اوراس عزم کا اعادہ کیا کہ اصلاحات کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے معیشت کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جائے گا۔











