اسلام آباد، 15 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے مصر کے سفیر نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور مصر کے درمیان بحری و صنعتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے مشترکہ منصوبوں کے فروغ اور خطے میں تجارتی و صنعتی روابط کے امکانات پر بات چیت کی۔
مصر کے سفیر نے پاکستان کو بحری انتظام اور سوئز نہر کے تجربات سے استفادے کی پیشکش کی، جس کا وزیر بحری امور نے خیرمقدم کیا۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستان، افریقہ، وسطی ایشیا اور مصر میں “پاکستان ہاؤسز” قائم کرنے کا خواہاں ہے تاکہ دوطرفہ اقتصادی و ثقافتی تعلقات مزید مضبوط ہوں۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں رابطوں کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ بندرگاہوں، شپنگ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں مصر کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔ جنید انوار چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سمندری معیشت کے ذریعے پائیدار ترقی ممکن ہے۔
مصر کے سفیر نے پاکستانی مصنوعات کے معیار اور عالمی منڈی میں ان کی مسابقت کو سراہا اور مستقبل میں باہمی تجارت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔











