محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور ہانگ کانگ جنرل چیمبر آف کامرس کے درمیان  نئی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کا معاہدہ طے

13

لاہور، 15 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین نئی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہانگ کانگ پہنچ گئے، جہاں محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور ہانگ کانگ جنرل چیمبر آف کامرس کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ طے پایا۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین اور ہانگ کانگ جنرل چیمبر آف کامرس کی چیئرپرسن ایگنس چن نے مفاہمتی یادداشت  پر   دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت پنجاب اور ہانگ کانگ کے درمیان معاشی اشتراک، سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کاروباری سرگرمیوں میں سہولت کاری، مارکیٹ مواقع کا تبادلہ اور مشترکہ تجارتی اقدامات کیے جائیں گے۔

 صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے انتہائی سازگار ماحول موجود ہے۔ خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاروں کو 10 سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔  انہوں نے کہا کہ صنعتی یونٹس لگانے کے لیے آسان اقساط پر زمین دستیاب ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری سے جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں  نے مزید کہا کہ ہانگ کانگ کے سرمایہ کار پنجاب کے خصوصی اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

ہانگ کانگ جنرل چیمبر آف کامرس کی چیئرپرسن ایگنس چن نے کہا کہ  معاہدہ دونوں خطوں کی بزنس کمیونٹی کے درمیان رابطوں کو فروغ دے گا۔ ہم اپنے ممبران کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کریں گے تاکہ مشترکہ ترقی کے نئے راستے کھل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اشتراک سے پنجاب اور ہانگ کانگ کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری اور تجارت کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ معاہدہ پنجاب میں نئی غیر ملکی سرمایہ کاری کے آغاز اور برآمدات میں اضافے کی جانب اہم   پیش رفت ہے،  انہوں نے مزید کہا کہ عوامی سطح پر روابط بڑھنے سے پنجاب اور ہانگ کانگ میں خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔