اسلام آباد، 16 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عالمی یومِ خوراک بہتر خوراک اور بہتر مستقبل کے لیے اجتماعی عزم کا دن ہے اور خوراک انسانی زندگی، وقار اور ترقی کی بنیاد ہے۔
عالمی یومِ خوراک کے موقع پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان زرخیز زمینوں، قدرتی وسائل اور محنتی کسانوں سے مالا مال ملک ہے، حکومت غذائی تحفظ کے فروغ اور بھوک کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ موسمیاتی تبدیلی اور پانی کی کمی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزارت پائیدار اور موسمیاتی لحاظ سے موزوں زراعت کو فروغ دے رہی ہے،جدید ٹیکنالوجی اور معیاری بیجوں کے ذریعے کسانوں کو بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت ویلیو چین کو مضبوط بنا کر کسانوں کو بہتر منافع فراہم کر رہی ہے، ہماری ترجیح ہے کہ کوئی بچہ بھوکا نہ سوئے اور ہر گھر تک غذائی خوشحالی پہنچے۔ بہتر خوراک،بہتر صحت اور بہترمستقبل ہی قومی ترقی کی ضمانت ہیں۔











