پاکستان اور سوڈان کا بحری تعاون بڑھانے پر اتفاق

27

اسلام آباد، 16 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے سوڈان کے سفیر نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ بحری، صنعتی اور اقتصادی تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

وفاقی وزیر نے سوڈان کی بندرگاہوں کی جدیدیت اور تکنیکی اپ گریڈیشن میں پاکستان کے بھرپور تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے سوڈان کی بندرگاہوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید اور خودکار بندرگاہیں اقتصادی ترقی کی ضامن ہیں اور سوڈان مشرقی افریقہ اور جنوبی ایشیا کے درمیان ایک اہم تجارتی مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ پاکستان سوڈان کے سمندری ڈھانچے کی اپ گریڈیشن میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔

سوڈانی سفیر نے پاکستانی بندرگاہوں سے براہِ راست شپنگ لائن کے قیام کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے زرعی اور دواسازی شعبوں میں بھی باہمی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں گوادر فری زون میں ٹریکٹر اسمبلنگ کے مشترکہ منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔