وزیرداخلہ کا ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کا دورہ، ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ

16

‎اسلام آباد،  18 اکتوبر ( اے پی پی) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے  الصبح ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کا دورہ کیا  ہے اور تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے منصوبے کی ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار کو سراہا۔

‎وزیر داخلہ کو منصوبے پر جاری کاموں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فلائی اوور کے پائلز، پائلز کیپ اور گرڈرز کی کاسٹنگ کا 100 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جب کہ حفاظتی دیواروں کا 60 فیصد کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔

‎وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے جامع پلاننگ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں جی ٹی روڈ کی توسیع کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پراجیکٹ کی تکمیل کی جائے۔ انہوں نے منصوبے کے معیار اور رفتار پر کسی قسم کے سمجھوتے کی اجازت نہ دینے کی تاکید کی۔

‎مزید برآں، وزیر داخلہ نے منصوبے کے اردگرد خوبصورت لینڈ سکیپنگ اور ہارٹیکلچر کے کام کی اہمیت پر زور دیا تاکہ عوام کو ایک خوبصورت اور آرامدہ سفر کا تجربہ حاصل ہو سکے۔

‎محسن نقوی نے کہا کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبہ مکمل ہونے کے بعد جی ٹی روڈ سے دارالحکومت تک آنے والے مسافروں کو سگنل فری رسائی حاصل ہوگی، جو کہ عوامی سہولت اور خدمت کے مقصد کو مزید مستحکم کرے گا۔

‎وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ اس منصوبے کو مقررہ مدت میں اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔

‎بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ منصوبے کا کام ٹائم لائن کے مطابق جاری ہے اور اس کی تکمیل وقت پر کی جائے گی۔