وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، لاہور میں آبی آلودگی میں کمی کیلئے اقدامات کا جائزہ صاف ماحول اور پائیدار شہری ترقی کے لیے مربوط حکمتِ عملی پر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے: وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین

10

لاہور، 18 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی دارالحکومت لاہور میں آبی آلودگی میں کمی لانے کے لیے حکومتِ پنجاب نے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ وزیرِ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی جی واسا پنجاب، ڈی جی پی ایچ اے، ڈی جی انوائرمنٹ پروٹیکشن، چیف انجینئر ایل ڈی اے اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ابتدائی مرحلے میں لاہور کی 55 نجی ہاؤسنگ سکیموں سے خارج ہونے والے گندے پانی کے مؤثر ٹریٹمنٹ کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے ایل ڈی اے، واسا، پی ایچ اے اور محکمہ ماحولیات کو مشترکہ سفارشات تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ وزٹ کے دوران ہاؤسنگ سکیموں کے سیوریج سسٹمز، ٹریٹمنٹ پلانٹس اور ڈسپوزل روٹس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔ صوبائی وزیر نے اجلاس میں ایک کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے سات دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ کمیٹی نیشنل انوائرمنٹل کوالٹی اسٹینڈرڈز (NEQS) کے مطابق ٹریٹمنٹ سسٹمز کے حوالے سے سفارشات تیار کرے گی۔ بلال یاسین نے کہا کہ مجوزہ سفارشات میں پرائمری اور سیکنڈری ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے قیام کی تجاویز بھی شامل کی جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہڈیارا ڈرین کے اطراف ماحولیاتی تحفظ کے لیے پی ایچ اے لاہور 13 ہزار پودے لگائے گا۔ وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ صاف ماحول اور پائیدار شہری ترقی کے لیے مربوط حکمتِ عملی پر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔