اسلام آباد، 22 اکتوبر(اے پی پی): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں توانائی کے مؤثر استعمال اور جدید ماڈلز کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔
چیئرمین این ٹی ڈی سی نے بتایا کہ عمارتوں میں انسولیشن کے استعمال سے توانائی کی بچت ممکن ہے اور درجہ حرارت مطلوبہ سطح پر برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کے لیے “انرجی یوز بلڈنگ کوڈز” متعارف کرائے گئے ہیں، جن پر حکومت عملدرآمد کر رہی ہے۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور پائیدار توانائی ناگزیر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرمیوں میں بڑھتی ہوئی توانائی کی طلب کو کم کرنے کے لیے انسولیشن جیسے مؤثر طریقے اپنانے کی ضرورت ہے۔
معاونِ خصوصی کو لمس کے وفد کی جانب سے “ایشیا ٹرانزٹ سمٹ 2025” میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔











