کراچی،22 اکتوبر(اے پی پی): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سنی تحریک کے چیئرمین محمد ثروت اعجاز قادری سے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں علمائے کرام کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ ملاقات میں مذہبی ہم آہنگی اور یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مدارس یا مساجد کی بندش کے حوالے سے پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، کسی بھی مدرسے یا مسجد کو بند نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے دائرہ میں ہر کسی کو احتجاج کا حق ہے، آج پاکستان کے لئے سب کو یکجان ہونا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دین اسلام امن اور محبت کا درس دیتا ہے.
، تشدد اور شرانگیزی کی کوئی گنجائش نہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ معرکہ حق میں بھی علمائے کرام کا کردار انتہائی اہم رہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کے لیے ٹیک آف کر چکا ہے، ان حالات میں سب کو مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں چئیرمین پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی وزیرداخلہ کے ہمراہ تھے جبکہ صدر سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری، سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری، طیب حسین قادری، عبداللہ اکرم قادری، سلمان قادری، شہباز قادری، عمران قادری اوردرویش رضا عباسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔











