وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت 27 اکتوبر کو  یومِ سیاہ کشمیر کے حوالے سے اجلاس

13

اسلام آباد،22 اکتوبر(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اُمورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران، انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر کونسل میں 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے  کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ میں بھارت کے مظالم کے خلاف مزاحمت پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی بھارت کے مظالم جاری ہیں اور ہزاروں معصوم کشمیری شہید اور قید کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے بعد مسئلہ کشمیر ایک بار پھر دنیا بھر میں اجاگر ہوا ہے۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت امورِ کشمیر نے یومِ سیاہ بھرپور انداز میں منانے کے لیے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کیا ہے۔ اس سال یہ دن پہلے سے زیادہ جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔انہوں نے آل پارٹیز حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ یومِ سیاہ پر ایک مشترکہ پیغام دیا جائے گا۔

آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما شیخ عبدالمتین نے کہا کہ یہ دن ہمارے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی ایک ہیں اور اے پی ایچ سی کی قیادت یومِ سیاہ کی تمام ریلیوں میں بھرپور شرکت کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک موجود پاکستانی سفارت خانے بھی یومِ سیاہ کے حوالے سے سرگرمیوں کا انعقاد کریں گے اور تمام سرگرمیوں کو بروقت قومی میڈیا تک پہنچایا جائے گا۔