پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی رومانیہ کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل لیونارڈ گیبریل بارابوئی سے ملاقات

7

راولپنڈی، 22 اکتوبر (اے پی پی ): پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے رومانیہ کے سرکاری دورے کے دوران رومانیہ کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل لیونارڈ گیبریل بارابوئی سے ملاقات کی۔

اس دورے میں دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے اور دونوں فضائی افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

رومانیہ کی فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر رومانیہ کی فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔بعد ازاں ائیر چیف نے لیفٹیننٹ جنرل بارابوئی کے ساتھ مشترکہ فضائی مشقوں، تبادلہ پروگراموں اور فضائی اور زمینی عملے کی تربیت سمیت آپریشنل تعاون کو آگے بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کی۔

معززین نے علاقائی سلامتی کی حرکیات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور عالمی اور علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے میں دوطرفہ تعاون کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل بارابوئی نے بھارتی جارحیت کے خلاف حالیہ کامیابیوں میں پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی۔

انہوں نے ائیر چیف کی بصیرت انگیز قیادت میں انڈیجنائزیشن اقدامات کے ذریعے حاصل کی گئی پی اے ایف کی  پیش رفت کا بھی اعتراف کیا۔

دونوں معززین نے مشترکہ فضائی دفاعی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پائیدار تعاون کے لیے مضبوط ادارہ جاتی میکانزم بنانے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران، دونوں ائیر چیفس نے فضائیہ سے فضائیہ کے درمیان تعاون کو وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا اور جدید ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز میں دفاعی صنعتی شراکت داری قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا۔

چیف آف دی ائیر سٹاف کا رومانیہ کا یہ دورہ پاکستان اور رومانیہ کے فوجی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے جو تیزی سے ابھرتے ہوئے سکیورٹی ماحول میں امن، ترقی اور فوجی تعاون کے لیے دونوں ممالک کے پائیدار عزم کو اجاگر کرتا  ہے۔