اسلام آباد،23 اکتوبر(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں تمام بڑے منصوبوں کے لیے پراجیکٹ ڈائریکٹرز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہر منصوبے کیلئے الگ پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی سے منصوبوں پر جاری پیش رفت میں بہتری آئے گی، ہر پراجیکٹ ڈائریکٹرز اپنے منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کا ذمہ دار ہو گا۔
اجلاس میں گندھارا سٹیزن کلب کو فعال کرنے کے
پلان کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ گندھارا کلب میں کھیلوں اور تفریح کی مختلف سہولتیں مہیا کی جائیں گی جبکہ گندھارا کلب میں موجودہ کلبز سے بہتر اور زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کلب میں جدت لانے کیلئے ٹاپ گالف اور گو کارٹنگ جیسی سہولتوں کو بھی متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ گندھارا کلب اپنی نمایاں خصوصیات کی وجہ سے دارالحکومت کا مرکز بنے گا۔
اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گندھارا کلب کا ٹوپوگرافی سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔
اجلاس میں نئے کنونشن سنٹر کی تعمیر کے امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیر داخلہ نے نئے کنونشن سنٹر کی تعمیر کا جامع پلان طلب کر لیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس میں سی ڈی اے ہسپتال کا متبادل پلان پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایسا پلان مرتب کیا جائے جس سے سی ڈی اے ملازمین کو علاج معالجے کی بہتر سہولت میسر ہو۔
اجلاس میں مارگلہ روڈ کی موٹروے تک ایکسٹنشن، مختلف سیکٹرز کی ڈویلپمنٹ، ہوٹلوں اور کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے تمام منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس ، ڈی سی اسلام آباد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔











