پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ایڈورڈ باچائیڈ، سٹیٹ سیکرٹری آف ڈیفنس اور رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس جنرل گیو ر گیتسا ولاد سے ملاقات کی

22

راولپنڈی، 23 اکتوبر(اے پی پی ): پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے رومانیہ کے اپنے سرکاری دورے کے دوران ایڈورڈ باچائیڈ، سٹیٹ سیکرٹری آف ڈیفنس اور رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس جنرل گیو رگیتسا ولاد سے ملاقات کی۔

دونوں ممالک کی اعلیٰ سطح کی عسکری قیادت کے درمیان ہونے والی اس ملاقات کے دوران چیف آف دی ایئر اسٹاف نے کہا کہ پاکستان رومانیہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو کہ علاقائی امن و سلامتی سے متعلق تمام اہم امور پر ہم آہنگی پر مبنی ہیں جبکہ مشترکہ چیلنجوں کے مقابلے میں مضبوط دوطرفہ فوجی شراکت داری کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے باہمی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے تعاون اور آپریشنل ہم آہنگی کی نئی راہیں تلاش کرکے اس شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے پی اے ایف کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

رومانیہ کے سٹیٹ سیکرٹری آف ڈیفنس نے پاک فضائیہ کے شاندار جنگی ریکارڈ اور آپریشنل مہارت کو سراہتے ہوئے پی اے ایف کے وسیع آپریشنل تجربے سے فائدہ اٹھانے میں رومانیہ کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کو سراہا اور دونوں مسلح افواج کے درمیان طویل المدتی اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون کو بہتر بنانے، مشترکہ مشقوں، تربیتی تبادلوں اور پیشہ ورانہ ترقی کے پروگراموں کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کی شدید خواہش کا اظہار کیا۔

چیف آف دی ایئر سٹاف کا رومانیہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتا ہے اور پائیدار مصروفیت اور شراکت داری کے ذریعے ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے باہمی عزم کو اجاگر کرتا ہے۔