اسلام آباد، 23 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا سمندری شعبہ ترقی اور تبدیلی کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی تجارت اور رابطوں کا مرکز بننے کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وسط ایشیائی، خلیجی اور مشرقی افریقی ممالک کے ساتھ میری ٹائم تعاون میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم اس وقت نصف استعداد کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
جنید انوار چوہدری نے مزید کہا کہ گوادر پورٹ علاقائی رابطوں اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بننے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید پورٹ کمیونٹی سسٹم اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے بیڑے کی توسیع سے قومی معیشت کو تقویت ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ گڈانی شپ ری سائیکلنگ یارڈ اور میری ٹائم انڈسٹریل کمپلیکس ملک کے لیے گیم چینجر ثابت ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ بلو اکانومی حکمتِ عملی سے علاقائی خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا اور پاکستان سمندروں کو رکاوٹ نہیں بلکہ قومی ترقی کا ذریعہ سمجھتا ہے۔











