اسلام آباد، 23 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے جمعرات کو یہاں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے روڈ سیفٹی مسٹر ژاں ٹوڈ نے ملاقات کی۔ملاقات میں طلبہ میں روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے جاری اور آئندہ اقدامات، تعلیمی اداروں میں روڈ سیفٹی کی تعلیم کے فروغ، اور اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کے مزید مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اس موقع پر کہا کہ طلبہ کی فلاح و بہبود اور محفوظ مستقبل کے لیے روڈ سیفٹی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت تعلیم کے ذریعے ذمہ دار اور محتاط شہری تیار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ روڈ سیفٹی کی تعلیم کو قومی نصاب میں شامل کیا جا چکا ہے۔ ابتدائی جماعتوں میں طلبہ کو ٹریفک سگنلز اور سڑک پار کرنے کے محفوظ طریقے سکھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی نظامتِ تعلیم موٹروے پولیس کے اشتراک سے طلبہ میں روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی مہمات جاری رکھے ہوئے ہے۔ اساتذہ کی تربیت اور طلبہ کے درمیان مقابلے بھی سڑکوں پر محتاط رویے کے فروغ میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔
ڈاکٹر صدیقی نے اس بات پر زور دیا کہ خصوصی بچوں کے ادارے بھی روڈ سیفٹی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں، جس سے آگاہی کے عمل میں شمولیت اور جامعیت کو فروغ مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، پاکستان بھر میں روڈ سیفٹی کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ قریبی تعاون کی خواہاں ہے۔ قومی نصاب کونسل نے تمام جماعتوں کے نصاب میں روڈ سیفٹی سے متعلق مضامین شامل کر دیے ہیں۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہمارا مشترکہ مقصد تعلیم کے ذریعے ٹریفک حادثات اور اموات میں کمی لانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تعلیم کے ذریعے محفوظ مستقبل کی بنیاد رکھ رہا ہے۔











