اسلام آباد، 23 اکتوبر(اے پی پی): وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتا ہے، دونوں برادر ممالک کے تعلقات ایمان، بھائی چارے اور مشترکہ خوشحالی کے جذبے پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر نے پاکستان میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے جبکہ حکومت پاکستان قطری سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیرِ تجارت جام کمال خان نے یہ بات آج یہاں پاکستان قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور قطر کے وزیرِ تجارت و صنعت شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل الثانی نے کی، جنہوں نے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کی۔
جام کمال خان نے بتایا کہ پاکستان اور قطر نے تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ اور جوائنٹ بزنس کونسل کو فعال بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس کے علاوہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل اور قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے درمیان براہ راست رابطے قائم کیے گئے ہیں تاکہ سرمایہ کاری کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قطری سرمایہ کاروں کے لیے بینک ایبل منصوبوں کی فہرست تیار کی جا رہی ہے، جبکہ ڈیجیٹل تعاون، فوڈ سیکیورٹی، لاجسٹکس، تعمیراتی مواد اور برآمدی مصنوعات کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان قطر تعلقات کو الفاظ سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے مزید مستحکم کیا جائے گا۔











