اسلام آباد میں پاکستان قطر مشترکہ وزارتی کمیشن  کا چھٹا اجلاس — دوطرفہ اقتصادی تعاون کے نئے امکانات پر اتفاق

7

اسلام آباد، 23 اکتوبر (اے پی پی ):  پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کا چھٹا اجلاس آج بروز جمعرات  اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، فوڈ سیکیورٹی، لاجسٹکس اور ڈیجیٹل تعاون سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط بنانا تھا۔ یہ اجلاس وزارتِ تجارت، حکومتِ پاکستان کے زیرِ اہتمام منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک کے سرکاری و نجی شعبوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور قطر کے وزیرِ تجارت و صنعت شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل آل ثانی نے کی۔ اجلاس کے دوران دونوں ممالک نے تجارتی تعلقات کو وسعت دینے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے، اور مشترکہ ورکنگ گروپس کو فعال بنانے پر اتفاق کیا۔ قطر کی جانب سے تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا گیا، جب کہ پاکستان نے قطری سرمایہ کاروں کے لیے بینک ایبل منصوبوں کی فہرست تیار کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اپنے خطاب میں وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتا ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ایمان، بھائی چارے اور مشترکہ خوشحالی کے جذبے پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کو عملی اقدامات کے ذریعے مضبوط بنایا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے۔

قطری وزیرِ تجارت شیخ فیصل آل ثانی نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے جی سی سی – پاکستان فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے جلد نفاذ کی حمایت کی اور کہا کہ یہ معاہدہ باہمی تجارت و سرمایہ کاری کے لیے نئی راہیں کھولے گا۔

اجلاس کے اختتام پر دونوں ممالک نے دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور آئندہ اجلاس کے لیے قطر میں ملاقات پر اتفاق کیا۔