اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام صوبے ایک خاندان ہیں ، ہمیں محبت ، اخوت اور یقین کے ساتھ ہمیں مل کر رہنا ہو گا جبکہ اتحاد ، محبت اور عزم سے بلوچستان سے پشاور تک ترقی ممکن ہے ۔ پاکستان ہمیشہ سب سے پہلے ہے اس کے بعد ہم بلوچ، سندھی، پنجابی اور پشتون ہیں،۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو یہاں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان ملک کا رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے، بلوچ رہنمائوں نے رضا کارانہ طور پر پاکستان کے ساتھ الحاق کا تاریخی فیصلہ کیا تھا، اس صوبے کی تاریخ ، ثقافت اور روایات اسے منفرد بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے، افسوس کہ بلوچستان کی دولت اب بھی زمین کے اندر دفن ہے اور اسے نکالا نہیں جاسکا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پھیلا ہوا صوبہ ہے جہاں بلوچ اور پختون سمیت مختلف برادریاں اور قبائل آباد ہیں، ان میں دیرپا ہم آہنگی قائم رہی، بلوچ عوام ہمیشہ کشادہ دل اور مہمان نواز رہے ہیں ،پنجابی مہاجرین سمیت سب عرصہ دراز سے مل کر ہم آہنگی کےساتھ رہتے رہے ، بلوچستان کی روایات اور ثقافت قابل فخر ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پھیلے ہوئے رقبے اور آبادی کےلئے سڑکوں کے مضبوط انفراسٹرکچر کے بغیر تعلیم ، صحت ،روزگار کی سہولیات اور صنعت کی ترقی ممکن نہیں، دور دراز آبادیوں تک بجلی اور سڑکوں کی فراہمی بڑا مسئلہ ہے ،صوبے کی جغرافیائی ساخت ترقی کے سفر کےلئے چیلنج بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی مجموعی خوشحالی سے جڑی ہے، اس کےلئے مالی وسائل کی بھی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یاد دلایا کہ 2010 میں جب وہ وزیر اعلیٰ پنجاب تھے تو تین روز تک لاہور میں این ایف سی کا اجلاس ہوا، اس این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب نے تاریخی قربانی دی، ہم پہلے پاکستانی اور بعد میں صوبوں کے مکین ہیں،صوبوں کے درمیان اتفاق رائے پاکستان کی مضبوطی کی بنیاد ہے، اس ایوارڈ پر اتفاق رائے کے بعد ہم سب مینار پاکستان گئے اور اس عہد کی تجدید کی کہ پاکستان کو قائد کے خوابوں کی تعبیر بنائیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کے درمیان اتفاق رائے پاکستان کی مضبوطی کی بنیاد ہے، وفاق کی روح باہمی قربانی اور بھائی چارے میں پوشیدہ ہے ۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مسائل آج بھی ہیں اور آئندہ بھی ہوں گے، پاکستان ہمارا گھرانہ ہے، کہیں آگ لگے گی تو اسے مل کر بجھانا ہوگا، امن اور ترقی کو مشعلِ راہ بنانا ہے ، یکجہتی ،ایثار اور قربانی سے کام لےکر پاکستان کو عظیم ملک بنانا ہے –











