حکومتِ پاکستان کی بڑی کامیابی: پی آئی اے کی مانچسٹر کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز

13

‎اسلام آباد، 25 اکتوبر ( اے پی پی):  حکومتِ پاکستان کی ایک بڑی کامیابی کے طور پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اسلام آباد سے مانچسٹر تک براہِ راست پروازوں کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ پیش رفت پاکستان کی فضائی صنعت اور برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔

‎افتتاحی پرواز کا افتتاح وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقدہ ایک پروقار تقریب میں کیا۔

‎تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ اقدام حکومتِ پاکستان کی جانب سے قومی اداروں کی بحالی، عوامی سہولتوں میں بہتری، اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے تشخص کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد تا مانچسٹر براہِ راست پرواز کا آغاز پاکستان اور برطانیہ کے درمیان رابطوں کے نئے دور کا آغاز ہے، جو وہاں موجود پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک بڑی سہولت فراہم کرے گا۔

‎وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس موقع پر ڈی جی سی اے اے نادر شفیع ڈار، ایوی ایشن ڈویژن، اور پی آئی اے کی انتظامیہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کی بدولت یہ اہم کامیابی ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت حکومتِ پاکستان کی مؤثر حکمتِ عملی اور ادارہ جاتی تعاون کا نتیجہ ہے۔