اسلام آباد، 25 اکتوبر) اے پی پی:(پاکستان اور پولینڈ نے غیر قانونی امیگریشن، بارڈر سیکیورٹی اور باہمی قانونی معاونت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پولینڈ کے نائب وزیر داخلہ میچے ڈشچک نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے حکومتی سطح پر روابط کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ غیر قانونی امیگریشن پاکستان کے لیے ایک حساس مسئلہ ہے اور اس میں ملوث مافیا کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سمندری سرحدوں کی مؤثر نگرانی کے لیے کوسٹ گارڈز کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔ پولینڈ کے نائب وزیر داخلہ نے انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہا اور محسن نقوی و وزیر مملکت طلال چوہدری کو پولینڈ کے دورے کی دعوت دی۔ فریقین نے انسانی سمگلنگ کے تدارک کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔











