حریت رہنما عبدالحمید لون کا 27اکتوبر یوم سیاہ کے موقع پر بیان

20

اسلام آباد،27  اکتوبر (اے پی پی ):  حریت رہنما عبدالحمید لون نے 27  اکتوبر،  یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام آج سیز فائر لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں یوم سیاہ منارہے ہیں،آج کا دن تاریخ کشمیر میں ایک سیاہ ترین دن ہے، بھارت نے 1947 میں تقسیم برصغیر کے فارمولے اور کشمیری عوام کے خواہشات کے برخلاف اپنی فوجیں جموں کشمیر میں داخل کیں  اور مقبوضہ جموں کشمیر پر اپنا غیر قانونی  تسلط قائم کیا۔

انھوں نے کہا کہ یہ دن کشمیریوں کو درپیش شدید مشکلات کی یاد دہانی بھی کراتا ہے ،کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے بنیادی حقوق سے مسلسل محروم ہیں ۔بھارت نے جموں کشمیر کے عوام کے تمام بنیادی حقوق سلب کر لیے ہیں، مسلہ کشمیر کا حل نہ ہونا دراصل اقوام متحدہ کے لئے سوالیہ نشان ہے۔آج کا دن اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کی یاد دہانی بھی کراتا ہے۔

ہم آج اقوام عالم کے ساتھ ساتھ بھارت کو بھی باور کرا رہے ہیں کہ جموں کشمیر کے عوام اپنے حق ، حق خود ارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔