اسلام آباد، 28 اکتوبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی زیرِ صدارت پاکستان ۔ ملائیشیا گوشت ایکسپورٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیرِ غذائی تحفظ رانا تنویر حسین اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان سے گوشت کی برآمدات میں اضافے اور پالیسی فریم ورک کی تیاری کا جائزہ لیا گیا۔
جام کمال خان نے کہا کہ حکومت گوشت کی برآمدی بنیاد کو مضبوط بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ملائیشیا کو پاکستانی گوشت کے لیے اہم منڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ برآمدات بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اجلاس میں بیماریوں پر قابو، حلال سرٹیفکیشن اور متعلقہ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ کمیٹی نے ایف ایم ڈی کنٹرول، بریڈ امپرومنٹ اور فیڈ لاٹ فیٹننگ سمیت مختلف اقدامات کے لیے ذیلی ڈھانچہ تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔ کراچی بندرگاہ کی اہمیت کے پیش نظر سندھ حکومت کو بھی عملدرآمد میں شامل کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے مویشیوں کے معیار بہتر بنانے اور بیماریوں کی روک تھام کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ معاون خصوصی ہارون اختر نے برآمدات کے فروغ کے لیے قلیل اور طویل المدتی سفارشات مرتب کرنے کی تجویز دی۔
جام کمال خان نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے اشتراک، تحقیق اور عالمی معیار کے مطابق حلال گوشت کی فراہمی کے ذریعے بیرونی منڈیوں میں پاکستان کی ساکھ مضبوط کرنا چاہتی ہے۔











