اسلام آباد , 29اکتوبر(اے پی پی ): وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے عالمی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کے وفد کی ملاقات ،جس میں ڈیجیٹل تعاون، مصنوعی ذہانت کے فروغ اور ای کامرس کے میدان میں شراکت بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جام کمال خان نے پاکستان کی ڈیجیٹل اکانومی میں میٹا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشتوں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور نوجوان نسل ٹیکنالوجی کے میدان میں بھرپور دلچسپی لے رہی ہے۔
وزیرِ تجارت نے بتایا کہ نیشنل ای کامرس پالیسی کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جس کے تحت آن لائن کاروبار اور ڈیجیٹل مارکیٹ تک رسائی کو مزید آسان بنایا جائے گا۔ انہوں نے میٹا کو ای آئی ایتھکس، ڈیجیٹل سیفٹی اور ای کامرس اسٹینڈرڈز کے قیام میں تعاون کی دعوت دیتے ہوئے نوجوانوں کی تربیت اور مصنوعی ذہانت کی اسکلنگ پروگرامز میں شراکت داری کی پیشکش بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نیشنل اے آئی پالیسی اور ڈیجیٹل فریم ورک کے ذریعے مصنوعی ذہانت کے فروغ میں اہم پیش رفت کی ہے۔میٹا کے رافیل فرانکل نے پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی کو سراہتے ہوئے کاروباریوں اور ایس ایم ایز کے لیے ڈیجیٹل تربیتی پروگرامز میں تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے ٹیکنالوجی کے ذریعے اختراع، محفوظ آن لائن ماحول اور اقتصادی بااختیاری کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
—











