پارلیمانی سیکرٹری برائے وفاقی تعلیم فرح ناز کا دانش اسکول کُری روڈ کا دورہ، وزیراعظم کے وژن کو سراہا

179

اسلام آباد، 31 اکتوبر (اے پی پی): پارلیمانی سیکرٹری برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت فرح ناز نے جمعہ کو اسلام آباد کے کُری روڈ پر واقع دانش اسکول کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آ کر انہیں بے حد خوشی اور فخر محسوس ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے عملے نے اپنی انتھک محنت اور لگن سے اس ادارے کو ترقی کی اس منزل تک پہنچایا ہے جہاں آج یہ موجود ہے۔

فرح ناز نے بتایا کہ زلزلے اور کلاؤڈ برسٹ جیسے چیلنجز کے باوجود اسلام آباد دانش اسکول کے کام میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی اور تعمیراتی سرگرمیاں طے شدہ وقت کے مطابق جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا یہ ایک اہم اقدام ہے، جس کے تحت نہ صرف اسلام آباد میں دو دانش اسکول قائم کیے جا رہے ہیں بلکہ ایک نئی یونیورسٹی کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا وژن یہ ہے کہ تعلیم کے دروازے صرف ایلیٹ کلاس کے لیے نہیں بلکہ پسماندہ طبقے کے بچوں کے لیے بھی کھلنے چاہییں۔ یہ دانش اسکول انہی بچوں کے لیے امید کی کرن ہیں جو مستقبل میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

فرح ناز نے بتایا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں تین، بلوچستان میں پانچ، اور خیبرپختونخوا کے چترال میں ایک دانش اسکول قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد دانش اسکول کا 82 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے اور دسمبر تک منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا تاکہ مارچ 2026 میں پہلا تعلیمی سال شروع ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ عملے کے انٹرویوز کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے جبکہ مسجد، پارکنگ ایریاز اور دیگر سہولیات کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔ فرح ناز نے یقین ظاہر کیا کہ یہ ادارہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق تعلیم کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا اور مارچ 2026 میں اس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔