وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی حکومت کی معاشی ٹیم کے ہمراہ پریس بریفنگ

15

اسلام آباد، 03 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کا بنیادی مقصد پائیدار معاشی نمو اور طویل المدتی استحکام کا حصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے بعد اب حکومت کی توجہ ترقی کے اگلے مرحلے پر مرکوز ہے، جس کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات، سرمایہ کاری میں اضافہ اور عالمی سطح پر پاکستان کی معاشی ساکھ کی بحالی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

آج  حکومت کی معاشی ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، جس کا ثبوت تین بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری اور آئی ایم ایف کے اسٹاف لیول معاہدے سے ملنے والا عالمی اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سازگار جیوپولیٹیکل حالات کو سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کر رہی ہے، جبکہ وزیراعظم ذاتی طور پر اصلاحاتی عمل کی قیادت اور نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا فوکس ٹیکس، توانائی، سرکاری اداروں میں اصلاحات اور  نجکاری  جیسے کلیدی شعبوں پر ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پائیدار نمو کے لیے معاشی نظم و ضبط کو مضبوط بنانا ضروری ہے، اسی مقصد کے لیے حکومت نے ادارہ جاتی اصلاحات کا جامع پروگرام شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں نمایاں اضافہ اور مہنگائی میں کمی کے مثبت اشارے ظاہر کر رہے ہیں کہ معیشت استحکام کے مرحلے سے ترقی کی جانب بڑھ رہی ہے۔