وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پارلیمنٹ لاجز کے زیر تعمیر نئے بلاک کا دورہ

9

اسلام آباد04 نومبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے  زیر تعمیر بلاک کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ منصوبہ مقررہ ٹائم فریم میں مکمل کر لیا جائے گا۔

اس موقع پر ممبر انجینئرنگ سی ڈی اے اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام کاموں میں اعلیٰ معیار ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے لیے تین شفٹوں میں کام کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ 2012 سے رکے اس منصوبے کی تکمیل سے ارکانِ پارلیمنٹ کو معیاری رہائشی سہولتیں میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز سمیت عوامی فلاح کے تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا ۔