وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت اعضاء کی پیوند کاری سے متعلق اہم اجلاس

11

اسلام آباد، 4 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت پاکستان میں اعضاء کی پیوند کاری سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی ، ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ صحت اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ایڈمنسٹریٹر ہوٹا نے وزیرِ صحت کو ادارے کے فنکشنز اور کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اعضاء کے عطیات کو فروغ دینا قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ارگن ٹرانسپلانٹ کے نظام کو مزید فعال بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ تمام انتظامی اور قانونی پیچیدگیوں کو ختم کرتے ہوئے اعضاء کے عطیات کے عمل کو آسان اور سہل بنایا جائے تاکہ مستحق مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں اعضاء کے عطیات کے حوالے سے آگاہی اور اعتماد پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیرِ صحت نے ہدایت دی کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ سے متعلق موجودہ قوانین اور طریقہ کار کو سادہ اور قابلِ عمل بنایا جائے اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر کیا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں اعضاء کی پیوند کاری کے قومی نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔