اسلام آباد، 04 نومبر (اے پی پی ):وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کرنا ہوگا تاکہ غربت میں کمی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کر دیا ہے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹیٹیوٹ کے تحت منعقدہ 28ویں سالانہ چار روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کا عنوان ”ابھرتی دنیا میں پائیدار ترقی کے مرتب و غیر مرتب پیمانے“ ہے۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان کو اپنی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی اور ویلیو ایڈڈ برآمدات پر توجہ دینا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ مالی سال ملک میں ڈھائی ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی، جو مستقبل میں مزید بڑھنے کی توقع ہے۔
اس موقع پر پاکستان، جنوبی ایشیا، امریکہ اور دیگر ممالک سے پارلیمنٹرینز، پالیسی ساز، عالمی ماہرین، ترقیاتی اداروں کے نمائندے، سفارت کار، کاروباری رہنما اور اکیڈمک اسکالرز نے بھی شرکت کی۔











