اسلام آباد، 04 نومبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ غربت میں کمی اور معاشی استحکام ممکن بنایا جا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان شاءاللہ پاکستان پائیدار ترقی کے سفر میں خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر آگے بڑھے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹیٹیوٹ کے تحت منعقدہ 28ویں سالانہ چار روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کا عنوان ”ابھرتی دنیا میں پائیدار ترقی کے مرتب و غیر مرتب پیمانے“ ہے۔
احسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت “5 ایز” کے فریم ورک پر کام کر رہی ہے، جس میں ایکسپورٹرز، انرجی، اور انوائرمنٹ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم، ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کی ترقی کے بغیر پائیدار معیشت کا قیام ممکن نہیں۔
اس موقع پر پاکستان، جنوبی ایشیا، امریکہ اور دیگر ممالک سے پارلیمنٹرینز، پالیسی ساز، عالمی ماہرین، ترقیاتی اداروں کے نمائندے، سفارت کار، کاروباری رہنما اور اکیڈمک اسکالرز نے بھی شرکت کی۔











