پاکستان کی معاشی ترقی بندرگاہی شعبے سے گہری وابستگی رکھتی ہے، جنید انوار چوہدری

7

اسلام آباد، 4 نومبر (اے پی پی):  وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کراچی چیمبر آف کامرس سے خطاب کرتے ہوئے میری ٹائم شعبے میں نجی سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی بندرگاہی شعبے سے گہری وابستگی رکھتی ہے۔

وزیر بحری امور نے کہا کہ میری ٹائم پالیسیوں کی تشکیل میں بزنس کمیونٹی کا کردار کلیدی ہے اور کراچی چیمبر میں اسی مقصد کے تحت تاجروں سے مشاورت کی گئی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

جنید انوار چوہدری نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ بندرگاہی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری ٹائم شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ عالمی تجارتی معیار سے ہم آہنگ ترقی حاصل کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی بندرگاہ خطے کا تجارتی مرکز بننے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، بندرگاہی ترقی کے نتیجے میں نہ صرف برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔