سعودی عرب اور پاکستان کے مابین حج کے انتظامات پر معاہدہ طے پا گیا

7

جدہ، 9 نومبر ( اے پی پی):   سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان حج 2026ء کے لیے انتظامات اور سہولیات سے متعلق باضابطہ معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے پر سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبد الفتاح بن سلیمان المشاط اور پاکستان کے وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن نے دستخط کیے۔

‎دستخط کی تقریب جدہ میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، ڈی جی حج جدہ عبدالوہاب سومرو، ڈائریکٹر حج مکہ مکرمہ عزیز اللہ خان، ڈائریکٹر حج مدینہ منورہ ضیاءالرحمن، ڈپٹی سیکرٹری حج پالیسی چوہدری کاشف حسین اور پرائیویٹ حج کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم ہوپ  کے عہدے داران نے بھی شرکت کی۔

‎اس موقع پر ڈاکٹر سید عطاء الرحمن نے سعودی حکومت کی جانب سے حجاج کرام کے لیے فراہم کی جانے والی بہترین سہولیات اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی تعاون سے پاکستانی حجاج کو آئندہ سال بھی اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

‎وفاقی سیکرٹری مذہبی امور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزارتِ مذہبی امور، سعودی حکومت کی ہدایات کے مطابق سرکاری اور پرائیویٹ حج اسکیموں کے انتظامات کو بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کرے گی، تاکہ حجاج کرام کو ایک پُرسکون اور منظم حج کا تجربہ فراہم کیا جا سکے۔