قومی اسمبلی اجلاس

5

اسلام آباد،  10نومبر (اے پی پی ): قومی اسمبلی نےپیر کے  روز ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو باضابطہ طور پر قومی شہید قرار دینے کی سفارش کی ہے۔جام عبدالکریم بجار کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی، سابق صدر اور پاکستان کے سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کی سیاسی، جمہوری، سماجی اور ایٹمی طاقت کے لیے شاندار خدمات انجام دیں۔قومی یکجہتی، عام لوگوں کو بااختیار بنانے، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی کے قیام کے لیے ان کی کوششوں کا بڑے پیمانے پر اعتراف کیا جاتا ہے۔

قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ حکومت قومی غذائی تحفظ کو برقرار رکھنے کے لیے ربیع سیزن 2025-26 کے لیے بوائی کے منصوبوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

ایوان میں ایک سوال کے جواب میں وزیر  برائے فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی محکمہ زراعت کے ساتھ مل کر آئندہ ربیع کے سیزن میں گندم کی ممکنہ قلت سے بچنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کو 10 لاکھ ٹن گندم فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت نیلسن عظیم نے کہا کہ اسلام آباد کی غیر فعال سرکاری صحت کی سہولیات کی آؤٹ سورسنگ شروع کر دی گئی ہے جس میں ریجنل بلڈ سنٹر بھی شامل ہے۔ انہوں نے ایوان کو مزید بتایا کہ پمز اور پولی کلینک ہسپتالوں میں بلڈ سنٹر مکمل طور پر فعال ہیں۔

قبل ازیں نو منتخب رکن قومی اسمبلی بلال فاروق تارڑ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

ایوان نے آج “نجکاری کمیشن (ترمیمی) بل 2025” منظور کر لیا۔اس کے علاوہ ’’سول سرونٹس (ترمیمی) بل 2025‘‘ اور ’’اقبال اکیڈمی (ترمیمی) بل 2025‘‘ ایوان میں پیش کیا گیا۔چیئرمین نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دئیے۔