اسلام آباد ، 10 نومبر (اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے سکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان عمر حمید خان نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مختلف زیر تعمیر اور نئے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسلام آباد میں فیڈرل الیکشن اکیڈمی اور دفاتر کی تعمیر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ممبر انجینئرنگ، ممبر فنانس سمیت سی ڈی اے انجینئرنگ ونگ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
بریفننگ میں بتایا گیا کہ فیڈرل الیکشن اکیڈمی اور دفاتر کی تعمیر کیلئے جلد ہی ٹینڈرنگ کے عمل کا آغاز کردیا جائے گا، ٹینڈرنگ کے بعد اس منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا جائے گا، الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پری فیبریکیٹڈ جم کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں حفاظتی اقدامات کے تناظر میں فائر سیفٹی کے پلان پر بریفنگ دی گئی۔ فائر سیفٹی پلان کیلئے سروے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور اس پر عملدرآمد کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ اس موقع پر محمد علی رندھاوا نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ
تمام منصوبوں کے ٹینڈرنگ کے عمل میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نمائندگان کو بھی شامل کیا جائے، تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے یقینی بنائی جائے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان اور سی ڈی اے کی جانب سے فوکل پرسنز مقرر کئے جائیں تاکہ کام کے اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔
سیکٹری الیکشن کمیشن نے سی ڈی اے کے اسلام آباد میں ڈویلپمنٹ اور بیوٹیفکیشن کیلئے شروع کئے گئے مختلف منصوبوں اور اقدامات کو سراہا ۔دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور مسلسل رابطے سے نہ صرف الیکشن کمیشن کے زیر تعمیر منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جا سکے گا بلکہ آنے والے منصوبوں کا جلد آغاز کیا جاسکے گا۔
ملاقات میں سی ڈی اے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔











