بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی سفیر مصباح کھار کا عالمی پارلیمانی رہنماؤں کا پُرتپاک خیرمقدم

12

اسلام آباد، 11نومبر  (اے پی پی):بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کی سفیر مصباح کھار نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دنیا بھر کے قانون سازوں کے اس معزز اجتماع کی میزبانی میرے لیے باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔ انہوں اسلام آباد میں سینیٹ آف پاکستان کی میزبانی میں منعقدہ افتتاحی بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں شریک ممتاز پارلیمانی وفود کا پُرتپاک خیرمقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع اس یقین کی عکاسی کرتا ہے کہ تنازع نہیں بلکہ تعمیری مکالمہ ہی امن کی راہ متعین کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف براعظموں سے آئے اسپیکرز اور وفود کی موجودگی اس امر کی علامت ہے کہ دنیا مشترکہ طور پر مکالمے، تعاون اور شراکت داری کے ذریعے عالمی چیلنجز کا سامنا کرنے کے عزم پر متحد ہے۔ مصباح کھار نے بتایا کہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کا تصور رواں سال چیئرمین سینیٹ معزز سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں اُس وقت پیش کیا گیا جب دنیا بھر کے 45 سے زائد پارلیمانوں کے اسپیکرز نے مل کر اس کے قیام کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہاکہ یہ یقین تھا کہ پارلیمان، جو عوام کی اصل آواز ہیں، ایک محفوظ اور خوشحال دنیا کی تشکیل میں رہنمائی کا کردار ادا کریں۔انہوں نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت اور سفارتی بصیرت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بطور سابق وزیرِ اعظم اور سپیکر، اُن کا تجربہ انہیں اس حقیقت کا گہرا ادراک دیتا ہے کہ جمہوریت اور سفارت کاری ایک دوسرے کو مضبوط کرتی ہیں۔