راولپنڈی، 13 نومبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکا کے ہائی کمشنر فریڈ سری ویراتنے اور وزیر مملکت طلال چوہدری کے ہمراہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا۔محسن نقوی نے سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں سے ملاقات کی۔
محسن نقوی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو جانفشانی سے فرائض سرانجام دینے کی تلقین کی۔
محسن نقوی نے پریکٹس کے لیے موجود سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور دورہ جاری رکھنے پرسری لنکن کھلاڑیوں کا فردا ًفردا ًشکریہ ادا کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ آپ کی سکیورٹی ہماری ذمہ داری ہے۔ آپ کا دورہ پاکستان جاری رکھنا امن کی جیت اور دہشتگردی کی شکست ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کی دوستی کا یہ خوبصورت موڑ پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
سری لنکن ہائی کمشنرنے کہا کہ میں نے مختلف ممالک میں خدمات سرانجام دیں ہیں لیکن پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں، سکیورٹی سے ہم سب مطمئن ہیں۔











