وفاقی دارالحکومت کو مزید محفوظ اور منظم بنانے کے لیے حکومت پاکستان نے”سکیور نیبر ہوڈ” کے نام سے  منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر مملکت

9

اسلام آباد،13نومبر  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا   کہ وفاقی دارالحکومت کو مزید محفوظ اور منظم بنانے کے لیے حکومت پاکستان نے “سکیور نیبر ہوڈ” کے نام سے ایک اہم منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت اسلام آباد میں گھر گھر سروے کیا جائے گا تاکہ ہر علاقے میں رہائش پذیر افراد کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن بھی تھے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد کچہری کے باہر ہونے والے حالیہ دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے جدید حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ “سکیور نیبر ہوڈ” کے تحت کیے جانے والے سروے سے انتظامیہ کو یہ معلوم کرنے میں مدد ملے گی کہ وفاقی دارالحکومت کے کس علاقے میں کون رہائش پذیر ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف سکیورٹی اداروں کو سہولت حاصل ہوگی بلکہ جرائم کی روک تھام اور عوام کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔طلال چوہدری نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے لیے الیکٹرانک ٹیگنگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے بعد کسی بھی گاڑی کی نقل و حرکت کو مانیٹر کیا جا سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی انتظامیہ کی ذمہ داریاں دیگر شہروں کے مقابلے میں زیادہ ہیں کیونکہ یہاں سفارتکار، غیر ملکی شہری اور اہم سرکاری دفاتر موجود ہیں، اس لیے شہر کی سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے اقدامات ضروری ہیں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے بتایا کہ سروے 17 نومبر سے شروع کیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے دو موبائل ایپلی کیشنز تیار کی گئی ہیں، جنہیں عام شہری ڈاؤن لوڈ کر کے اپنے اور اپنے اہل خانہ کا ڈیٹا اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اپنے گھروں میں کام کرنے والے ملازمین کی معلومات بھی ایپ میں درج کرنا ہوں گی،جن گھروں کے مکین خود ایپ کے ذریعے ڈیٹا فراہم نہیں کریں گے، وہاں انتظامیہ کی ٹیمیں جا کر معلومات جمع کریں گی۔ڈی سی اسلام آباد نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس قومی سکیورٹی منصوبے میں بھرپور تعاون کریں تاکہ دارالحکومت کو جدید اور محفوظ ترین شہر بنایا جا سکے۔یہ منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے اسلام آباد کو سمارٹ سٹی ماڈل پر منتقل کرنے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔