وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک کی زیر صدارت سائٹس مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس

10

اسلام آباد، 14 نومبر (اے پی پی ):  وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے آج سائٹس مینجمنٹ اتھارٹی پاکستان کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں شکار کے لیے ٹرافی کوٹہ 2025–2026 کے لیے تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں آئندہ حکمتِ عملی مرتب کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے زور دیا کہ ٹرافی ہنٹنگ کوٹہ کی منظوری سائٹس کے تحفظاتی اصولوں کے مطابق ہونی چاہیے اور کسی بھی جنس کی کل آبادی کے 2 فیصد سے زیادہ کوٹہ الاٹ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اس بات پر خاص زور دیا کہ تمام فیصلے باقاعدہ اور سائنسی بنیادوں پر کی جانے والی آبادیاتی سرویز کی روشنی میں کیے جائیں تاکہ جنگلی حیات کے تحفظ اور پائیدار انتظام کو یقینی بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ صوبائی وائلڈ لائف محکموں کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ تحقیقی منصوبہ تیار کیا جائے، جس میں آبادی اور سماجی ساخت دونوں کا مطالعہ شامل ہو، اور ٹرافی ہنٹنگ کے لیے سائنسی بنیادوں پر بہترین طریقہ کار مرتب کیے جائیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے واضح ہدایات جاری کیں کہ آئندہ سال سے جو صوبے اپنے سالانہ سروے جمع نہیں کروائیں گے، انہیں ٹرافی ہنٹنگ کا کوئی کوٹہ الاٹ نہیں کیا جائے گا۔ یہ اقدام جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔