پاکستان کے پہلے کیش لیس  ہفتہ وار بازار سیکٹر ایچ-  9کا افتتاح 

19

اسلام آباد،14نومبر  (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو کیش لیس اور ڈیجیٹل شہر بنانے کیلئے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا گیا ہے۔ چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے جمعہ کے روز پاکستان کے پہلے کیش لیس کئے جانے والے ہفتہ وار بازار سیکٹر ایچ- 9 کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ممبر فنانس طاہر نعیم، چیف آفیسر ایم سی آئی ڈاکٹر انعم فاطمہ، سی ای او زندگی نعمان، سٹیٹ بینک آف پاکستان، سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران سمیت کثیر تعداد میں صارفین  اور تاجروں نے شرکت کی۔واضح رہے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ-9  میں قائم ہفتہ وار بازار میں باقاعدہ طور پر مکمل کیش لیس نظام کو نافذ العمل کردیا گیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹر H-9 ہفتہ وار بازار میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ممبر فنانس اور چیف آفیسر ایم سی آئی کے ہمراہ سیکٹر H-9 بازار میں موجود سٹالز سے کیش لیس طریقے کار کے مطابق ادائیگی بھی کی۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ صارفین/شہریوں کو ڈیجیٹل طریقہ کار کے مطابق ادائیگیوں پر خصوصی رعایات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ کیش لیس نظام کو شہر کے تمام کمرشل مراکز اور شاپنگ سینٹرز، سمیت ہسپتالوں، ہوٹلوں، ریستورانوں اور اسلام آباد ائیرپورٹ میں بھی متعارف کرایا جارہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے زندگی کے سی ای او ، ایم سی آئی، مرکزی و کمرشل بینکس کے نمائندگان سمیت اسلام آباد انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ کے وژن کے مطابق شہریوں اور صارفین کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس احسن قدم کا آغاز کردیا گیا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا کیش لیس اور ڈیجیٹل شہر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیش لیس نظام نہ صرف ای-گورننس کے ماڈل کو اپنائے گا بلکہ عوام کو آسان، محفوظ، تیز اور شفاف ترین ادائیگیوں کی سہولیات بھی فراہم کرے گا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اس نظام سے شہریوں/صارفین کو لین دین میں نہ صرف آسانی ہو گی بلکہ دارالحکومت اسلام آباد میں کیش لیس معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس جدید نظام کی کامیابی کیلئے بینکوں کو صارفین اور تاجروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور رعایت بھی دینا ہوگی۔چیئرمین سی ڈی اے نے بازار انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام سٹال ہولڈرز کے لائسنسز اور نرخنامہ  ڈیجیٹل بورڈز  پر نمایاں طور پر آویزاں کئے جائیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کیش لیس نظام کے حوالے سے بھرپور عوامی آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹر H-9 بازار میں خریداری کی عرض سے آئے ہوئے صارفین کو کیش لیس لین دین کے افادیت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیش لیس نظام اور ڈیجیٹل ادائیگیوں سے لین دین کا بنیادی مقصد شہریوں اور تاجروں دونوں کو یکساں فوائد پہنچانا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو کیش لیس و ڈیجیٹل نظام کے ذریعہ ہر قسم کے مالی لین دین کو محفوظ بنانا سمیت فراڈ و دھوکہ دہی سے بچانا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سیکٹر H-9 ہفتہ وار بازار میں کامیابی کےساتھ کیش لیس نظام کو نافذ العمل کرنا تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کو بین الاقوامی شہر بنانے کے مقاصد کے حصول کیلئے یہ اقدامات انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئیے!! ہم سب مل کر اس تاریخی اقدام کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں اور اسلام آباد کو مکمل کیش لیس اور ڈیجیٹل شہر بنائیں۔