اسلام آباد،18 نومبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پہلے بین الاقوامی مقابلہ قرأت 2025 کے آفیشل ویب پیج کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ ویب پیج کا مقصد مقابلے سے متعلق تمام ضروری معلومات کو یکجا کر کے شرکاء، قرّاء حضرات، ججز، میڈیا اور عوام تک بروقت، مستند اور جامع رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
ویب پیج پر مقابلے میں شریک تمام قرّاء کی پروفائلز اور دیگر ضروری معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ اسی طرح ججز پینل سے متعلق مکمل معلومات اور مقابلے کے انعقاد کی جگہ کے بارے میں رہنمائی بھی شامل ہے، تاکہ شرکاء اور مہمان باآسانی تمام انتظامات سے آگاہ رہ سکیں۔
وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے ویب پیج اس مقصد کے تحت تیار کیا گیا ہے کہ تمام شرکاء اور عوام الناس کو ایک ایسا جامع پلیٹ فارم فراہم کیا جائے جہاں بین الاقوامی مقابلہ قرأت سے متعلق تمام معلومات ایک ہی جگہ دستیاب ہوں۔ یہ اقدام نہ صرف مقابلے کی شفافیت میں اضافہ کرے گا بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی میزبانی اور انتظامی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کرے گا۔











