چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا  کا ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

7

راولپنڈی، 25 نومبر(اے پی پی ):چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزانے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ان کا استقبال کیا۔ ائیر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

بعد ازاں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے سربراہ پاک فضائیہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی مثالی خدمات اور تینوں مسلح افواج میں ہم آہنگی کو مضبوط و مربوط بنانے میں ان کے اہم کردار کی تعریف کی۔ سربراہ پاک فضائیہ نے قومی دفاع کے لیے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی نمایاں خدمات کو بھی سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے پاک فضائیہ کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں، عملی مہارت، جدت طرازی اور اپ گریڈیشن کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت میں پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت و لگن کو سراہا اور دہشت گردی کے عفریت کے خلاف قومی جنگ میں پاک فضائیہ کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔ انہوں نے پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے مابین موجودہ ہم آہنگی کو بھی سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ تعاون مستقبل میں مزید فروغ پاتا رہے گا۔