حکومت خواتین کے خلاف آن لائن تشدد سے نمٹنے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، بیرسٹر عقیل ملک

10

اسلام آباد،25 نومبر(اے پی پی): قانون و انصاف کے وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ حکومت خواتین کے خلاف آن لائن تشدد سے نمٹنے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد اب ڈیجیٹل شعبے تک پہنچ گیا ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے خواتین اور بچیوں میں مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال کے دوران انتہائی احتیاط سے کام لینے کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

قومی کمیشن برائے وقارِ نسواں ایکٹوزم کے 16 دنوں کے آغاز پر  پاکستان کے نئے ملٹی چینل شکایتی میکانزم اور ڈیجیٹل حفاظتی اقدامات کا آغاز کر رہا  ہے۔

صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف 16 روزہ فعالیت کی عالمی مہم کو مناتے ہوئے، قومی کمیشن برائے وقارِ نسواں(این سی ایس ڈبلیو) آج پاکستان کے جدید ترین ملٹی چینل جینڈر بیسڈ وائلنس کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے آغاز کا اعلان کر رہا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے اس سال کے موضوع کے مطابق، این سی ایس ڈبلیو ملک بھر میں خواتین اور بچیوں کے لیے بہتر، محفوظ اور سروائیور-سینٹرڈ رپورٹنگ راستوں کو مضبوط بنانے اور پاکستان میں ٹیکنالوجی کے ذریعے کیے جانے والے صنفی تشدد میں تشویشناک اضافے میں کمی لانے کے اپنے قومی عزم کو اُجاگر کر رہا ہے۔

پاکستان سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے اشتراک سے، اور ڈیجیٹل خطرات—بشمول ڈیپ فیکس، سائبر اسٹاکنگ، بلیک میلنگ اور آن لائن ہراسگی—میں تیزی سے اضافے کے جواب میں، NCSW اپنے مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن آگاہی مہم کے سافٹ لانچ کے ساتھ خُدی ڈیجیٹل سیفٹی ویڈیو سیریز کا بھی اعلان کر رہا ہے، جس کا مقصد خواتین اور بچیوں کو ضروری آن لائن حفاظتی مہارتوں اور ڈیجیٹل مضبوطی کے ٹول فراہم کرنا ہے۔

این سی ایس ڈبلیو کا نیا شکایتی نظام خواتین کے لیے ایک سروائیور-سینٹرڈ رپورٹنگ فریم ورک فراہم کرتا ہے، جس میں آن لائن پورٹل، موبائل ایپ، واک اِن سینٹرز اور جلد آنے والی ہیلپ لائن شامل ہے، تاکہ ملک کے ہر خطے اور پس منظر سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لیے رسائی ممکن بنائی جا سکے۔