گلگت،نومبر26 (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت میں انجینئرنگ فیکلٹی کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر گلگت بلتستان کے سابق وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب کے دوران وائس چانسلر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہوا، جس پر مجموعی اخراجات ایک ارب سے زائد ہیں۔ انجینئرنگ فیکلٹی میں جدید تقاضوں کے مطابق لیبارٹریز قائم کی گئی ہیں اور تمام ضروری آلات نصب کر دیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مختلف شعبہ جات، کلاس رومز اور لیبارٹریز کا معائنہ کیا اور منصوبے کو اعلیٰ معیار کا قرار دیتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور جدید ہنر سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔











